نئی دہلی، 20؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ دائر کرکے کہا ہے کہ ان ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی کو جنہیں دو یا دو سے زیادہ سال کی سزا دی گئی ہے ان کے انتخابات لڑنے پر تاحیات پابندی لگائی جائے۔سزا یافتہ ارکان پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی کو تاحیات انتخاب لڑنے پر پابندی کا مطالبہ کرنے والی ایک مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے کہا کہ وہ درخواست گزار کی تمام باتوں سے متفق ہے۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس نے انتخابات میں مجرموں کو روکنے کے لیے وزارت قانون کو تجویز بھیجی ہے ، لیکن وہ ابھی زیر التوا ہے، اسی مسئلے پر ایڈووکیٹ اشونی کمار اپادھیائے نے عرضی دائر کرکے مطالبہ کیا ہے کہ ایک سال کے اندر مقننہ، عاملہ اور عدلیہ سے وابستہ لوگوں کے خلاف فوجداری مقدمات کا تصفیہ ہو اور ایک بار مجرم قراردئیے جانے پر ان پر تاحیات پابندی لگائی جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے لوگوں کو الیکشن لڑنے، سیاسی پارٹی کی تشکیل کرنے اور عہدیدار بننے پر روک لگائی جائے۔درخواست میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن، لاء کمیشن اور نیشنل کمیشن ٹو ریویو دی ورکنگ آف دی کانسٹی ٹیوشن کی طرف سے تجویز کردہ اہم انتخابی اصلاحات کو نافذ کروانے کی ہدایت مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کو دی جائے۔درخواست میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ مقننہ کی رکنیت کے لیے کم از کم لیاقت اور زیادہ سے زیادہ عمر کی حد مقرر کی جائے۔